(ایجنسیز)
طلاق کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے سعودی خواتین میں اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے شادی سے قبل اعلیٰ تعلیم کے حصول سمیت دیگر آپشنز کا استعمال بڑھ رہا ہے۔
سعودی عرب دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں طلاق کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور یہاں 2012 میں 31 ہزار سے زیادہ طلاقیں ہوئیں جس کی شرح 21 فیصد کے لگ بھگ بنتی ہے۔سعودی وزارتِ انصاف کے اعداد وشمار کے مطابق اس برس شادی کے بندھن میں بندھنے والے ایک لاکھ 48 ہزار جوڑوں میں سے 31 ہزار سے زیادہ کی شادی طلاق پر منتج ہوئی جبکہ 3449 جوڑوں نے عدالت کے ذریعے شادی ختم کی۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق طلاق کے واقعات میں سے اکثر معمولی اور کچھ مضحکہ خیز وجوہات کی بنا پر پیش آئے۔ مثال
کے طور پر 2012 میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو اس لیے طلاق دینے کی کوشش کی کیونکہ اس نے شوہر کے کہنے پر اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند نہیں کیا تھا۔
اس کے علاوہ ایک نامعلوم سعودی شہری نے شادی کے دس ماہ بعد اپنی اہلیہ کو سمارٹ فون کی ایپ کی مدد سے طلاق کا پیغام بھیجا اور پھر کہا کہ یہ پیغام حادثاتی طور پر چلا گیا تھا۔ تاہم اس کی اہلیہ نے یہ پیغام مقامی جج کی عدالت میں پیش کیا جس نے طلاق کو صحیح قرار دے دیا۔
جدہ میں صحافی راشد حسین کے مطابق طلاق کے اس روز افزوں رجحان کی وجہ سے سعودی حکام شادی سے قبل نوجوان جوڑوں کے لیے ’کاؤنسلنگ‘ کو لازمی قرار دینے پر غور کر رہے ہیں۔ اس تجویز کے مطابق نکاح نامے کی تصدیق کے لیے شادی کی تربیت کا سرٹیفیکیٹ پیش کرنا لازم ہوگا۔